نئی دہلی، 26؍جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )پنجاب میں کانگریس کے انچارج جنرل سکریٹری کے عہدے سے سینئر لیڈر کمل ناتھ کے ہٹنے کے بعد اس عہدے کے لیے نئے لیڈروں کی تلاش شروع ہو گئی ہے۔کمل ناتھ نے 1984کے سکھ مخالف فسادات میں اپنے مبینہ ملوث ہونے کو لے کر اٹھے تنازعہ کے بعد عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ان کے علاوہ شمال مشرق کی6 ریاستوں کی کمان سنبھالنے کے لیے بھی نئے اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کی تقرری کی ضرورت ہے۔یہ عہدہ وی نارائن سامی کے پڈوچیری کے وزیر اعلی بننے کے بعد خالی ہو گیاہے ۔موجودہ پارٹی جنرل سکریٹری سی پی جوشی اضافی انچارج کے طور پر شمال مشرقی ریاستوں کا کام کاج دیکھ رہے ہیں۔وہ بہار اور مغربی بنگال کے انچارج ہیں۔پارٹی ذرائع نے کہا کہ پنجاب میں پارٹی قیادت کسی موجودہ جنرل سکریٹری کو عارضی طور پر تب تک چارج سونپ سکتی ہے جب تک اے آئی سی سی سکریٹریٹ میں نئے لیڈروں کو شامل کرنے کے بارے میں فیصلہ نہیں ہوجاتا۔پنجاب میں آئندہ سال کے شروع میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔کمل ناتھ نے گزشتہ دنوں جیسے ہی پنجاب کا چارج سنبھالا تھا تبھی سکھ مخالف فسادات کا مسئلہ اٹھایا گیا اور ان کے سیاسی حریفوں نے اس بابت کانگریس پر حملے شروع کر دئیے ۔کمل ناتھ اور کانگریس نے فسادات کے معاملے میں ان کا رول ہونے کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔پنجاب میں تقریبا ایک دہائی سے اقتدار سے باہر کانگریس کو ریاست میں ایسے لیڈر وں کی تلاش ہے جو نہ صرف تجربہ کار ہو بلکہ ریاست کی سیاست کی گہری سمجھ بھی رکھتا ہو اور ریاستی صدر کیپٹن امریندر سنگھ کے ساتھ کام کرنے کے لحاظ سے بھی سینئر ہو۔